نئی دہلی، 2؍اگست (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )آنندی بین پٹیل کے گجرات کے وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دینے سے متعلق فیصلہ کے ایک دن بعد راہل گاندھی نے آج کہا کہ کسی کو قربانی کا بکرا بنا دینے سے بی جے پی خود کو ریاست میں نہیں بچا پائے گی کیونکہ ریاست کو جلانے کے لیے نریندر مودی کا 13سالہ دوراقتدار ذمہ دار ہے۔گاندھی نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہاکہ گجرات کو جلانے کے لیے آنندی بین کا دو سال کی اقتدار نہیں، بلکہ مودی حکومت کا 13سالہ دوراقتدار ذمہ دار ہے ۔غورطلب ہے کہ گجرات کی وزیر اعلی آنندی بین نے عہدے سے ہٹنے کا فیصلہ لیتے ہوئے کل کہا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ نئی قیادت ذمہ داری سنبھالے کیونکہ وہ جلد ہی 75سال کی ہونے جا رہی ہیں۔گجرات میں اگلے سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور کانگریس گجرات کے پنچایتی انتخابات میں دیہی علاقوں میں اپنی حالیہ شاندار کارکردگی سے حوصلہ افزاہے ۔پارٹی گزشتہ دو دہائیوں سے گجرات میں اقتدار سے باہر ہے۔ریاست میں پاٹیدار کمیونٹی ریزرویشن کے مطالبہ کو لے کر مظاہرہ کر رہی ہے اور مردہ گائے کی کھال اتارنے کے معاملے کو لے کر او نا میں اعلی ذات کے ہندوؤں نے دلت کمیونٹی کے 7 لوگوں پر حملہ کیا تھا جس کے بعد دلت کمیونٹی وہاں مظاہرے کر رہی ہے ۔کانگریس نے آنندی بین کے استعفی پر کہا کہ انہیں کافی پہلے ہی یہ قدم اٹھا لینا چاہیے تھا۔اس نے الزام لگایا کہ ریاست کے دلتوں اور پاٹیدار کمیونٹی سے متعلق مسائل سے نمٹنے میں ان کی ناکامی کو لے کر ان دونوں فرقوں میں بڑھ رہے عدم اطمینان کے باوجود پارٹی قیادت انہیں بچاتی آ رہی تھی ۔کانگریس کے گجرات امور کے جنرل سکریٹری گروداس کامت نے کہا کہ اگر آنندی بین کو کسی ریاست کا گورنر بنایا جاتا ہے یا مرکزی کابینہ میں جگہ دی جاتی ہے تو یہ دلتوں اور پاٹیدار کمیونٹی کے لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہوگا۔